بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
سورہ القدر کا خلاصہ-ڈاکٹر محمد عقیل
اے حق کے متلاشیو! تم چاہتے تھے کہ خدا تم سے مخاطب ہو تو جان لو، ہم نے ان خطبات کوتقدیروں والی اہم رات میں نازل کرنا شروع کیا۔ تم کیا جانتے ہو کہ یہ منصوبوں اور تدبیروں والی عظیم رات کیا ہے؟ اس بابرکت رات میں خدا وند عالم کے حکم سے قوموں کا مستقبل طے کیا جاتا ، وسائل کی تنظیم جاری ہوتی اور فرد کی زندگی ، موت، رزق اور دیگر امورکا حساب مقرر کیا جاتا ہے۔ اسی لیے یہ رات ماضی کی غلطیوں سے رجوع کرنے اور مستقبل کی خیر وعافیت مانگنے والوں کے لیے ہزار مہینوں سے بہتر را ت ہے۔ اس رات خدا کی ایڈمنسٹریشن کے فرشتے اپنے سربراہ جبریل امین کے ساتھ اترتے ہیں اور ان منصوبوں کو زمین پر وقت مقررہ پر نافذ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ اس پوری رات میں خدا کے تکوینی امور کی منصوبہ بندی و تنظیم ہوتی ہے۔اسی لیے یہ رات آخرت کی منصوبہ بندی و تنظیم کرنے والوں کے لیے سراپا سلامتی اور امن دینے والی ساعتوں سے بھرپور شب ہوتی ہے یہاں تک کہ فجر کا وقت ہوجائے۔
